اسلام آباد( رانا غلام قادر/ نیو زرپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی ترسیل کار کمپنیوں (DISCOs) اور پیداواری کمپنیوں (GENCOs) کی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جائے ،بجلی کے نظام کی نجکاری کے ذریعے مسابقت پر مبنی بجلی کی مارکیٹ کی تشکیل ہی ملک میں توانائی کے مسائل کا پائیدار حل ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی ٹیکنالوجی اور جدید علوم کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے گی، انہوں نے سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں 50 بیسس پوائنٹس میں کمی پراطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ پیر کو اپنی زیر صدارت بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سےمنعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے بجلی کی ترسیل کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے متعلقہ ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا بجلی کے نظام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بیٹری اینرجی سٹوریج سسٹم پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجی شعبے کی شمولیت سے کام شروع کیا جائے۔اجلاس میں وزیراعظم کو بجلی کی پیداوار، ترسیل، ڈسکوز اور جینکوز کی نجکاری اور پاور سیکٹر میں دیگر اصلاحات کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی ۔تین ترسیل کار کمپنیوںIESCO، FESCO اور GEPCOکی نجکاری کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں اور اس حوالے سے ایکسپریشن آف انٹرسٹ (EoIs) جلد شائع ہوں گے۔ بریفنگ میں بتا یا گیا کہ بجلی کی ترسیل کے نظام کی بہتری کے لیے 500 کے وی کے غازی بروتھا - فیصل آباد ٹرانسمشن لائن کا پی سی ون منظوری کے مراحل میں ہے۔