• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیرہ اسماعیل خان، فورسز کے آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک، ایک سپاہی شہید

ڈیرہ اسماعیل خان (ایجنسیاں) سیکورٹی فورسز کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن میں 7 خوارج مارے گئے۔ جبکہ دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ شہید نائیک یاسر خان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کے بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کلاچی میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران 7 خوارج مارے گئے ، ہلاک خوارج متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے بہادر سپوت نائیک یاسر خان نے جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن تیز کر دیا گیا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔صدر آصف علی زرداری نے کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نےنے آپریشن کے دوران سات خوارج کے خاتمے کو ریاستی رٹ کے مثر نفاذ اور قومی سلامتی کے عزم کا مظہر قرار دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کولاچی، ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
اہم خبریں سے مزید