• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف کا بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا مشن

لاہور(آصف محمود بٹ)وزیراعظم شہباز شریف کا بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا مشن، سول سروسز اکیڈمی میں خصوصی CSS آؤٹ ریچ پروگرام شروع کرنے کا حکم، اخراجات وفاقی حکومت برداشت کریگی،سرکاری حکام کے مطابق سی ایس ایس امتحان میں کامیابی کی شرح بہتر بنائی جائے گی اور وفاقی اداروں پر اعتماد کو بھی مضبوط کیا جائے گا ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سی ایس ایس کے امیدواروں کے لیے جامع نیشنل آؤٹ ریچ اور پریپریٹری پروگرام کی منظوری دے دی ہے، جس سے وفاقی سول سروسز میں تمام صوبوں کی منصفانہ نمائندگی اور شمولیتی طرزِ حکمرانی کے عزم کا ایک بار پھر اظہار ہوا ہے۔ اس اقدام کے تحت باصلاحیت مگر وسائل سے محروم نوجوانوں کو پاکستان سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) لاہور میں منظم تربیت اور تعلیمی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ سینئر سرکاری ذرائع نے“ جنگ“کو بتایا کہ وزیراعظم نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ حکومت بلوچستان کے ساتھ خصوصی تعاون کیا جائے اور اہل امیدواروں کے لیے مؤثر تیاری پر مبنی تربیتی انتظامات کیے جائیں۔ اس پروگرام کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔بلوچستان آؤٹ ریچ پروگرام کا مقصد ان ساختی مشکلات کا ازالہ کرنا ہے جن کا سامنا بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری کوچنگ، رہنمائی اور ادارہ جاتی سہولتوں تک محدود رسائی کے باعث رہتا ہے، حالانکہ وہ سی ایس ایس جیسے انتہائی مسابقتی امتحان میں حصہ لینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔یہ اقدام سول سروسز اکیڈمی کے اس تجربے کا تسلسل ہے جس کے تحت ماضی میں اقلیتی امیدواروں کے لیے خصوصی آؤٹ ریچ پروگرامز کامیابی سے منعقد کیے گئے۔
اہم خبریں سے مزید