کراچی(ٹی وی رپورٹ) سینئر رہنما مسلم لیگ ن ،وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اصلاحات کیلئے 12 شعبوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے، 2026 کو اصلاحات کا سال قرار دے کر ان پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں تجزیہ کار(ڈھاکا)ماحد عمران نے بھی گفتگوکی۔ تفصیلات کے مطابق سینئر رہنما مسلم لیگ ن ،وفاقی وزیر احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اب تک معاشی فائر فائٹنگ کے مرحلے میں رہی ہے۔ جب پاکستان موجودہ حکومت کو ملا تو ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، جس سے نکالنا ناگزیر تھا۔ اسی حکمتِ عملی کے نتیجے میں آج کسی حد تک میکرو اکنامک استحکام حاصل ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں بعض اسٹرکچرل خامیاں موجود ہیں، جن کے باعث ترقی کی طرف قدم بڑھاتے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پاکستان برآمدات میں اضافے کی صلاحیت نہیں بڑھا پا رہا۔