کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق اسپیکر قومی اسمبلی رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان نے کبھی بھی اپنی پوزیشن کو کمپرومائز نہیں کیا،یہ آل پارٹیز کانفرنس نہیں قومی کانفرنس تھی، ہم نے فیصلہ کیا ہے آٹھ فروری کو بھرپور طریقے سے یوم سیاہ منایا جائے گا ۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کر رہے تھے۔اسد قیصر نے مزید کہا کہ بنیادی طور پر قومی کانفرنس کا مقصد یہ تھا کہ کیا ملک اسی طرح چلانا ہے یا ملک 73 کے آئین کے مطابق چلانا ہے۔ ہم نے قومی ڈائیلاگ کیا ہے اور اعلامیہ بھی آجائے گا۔آج سے ہم نے تحریک کا آغاز کر دیا ہے سیمینار، جلسے جلوس کریں گے پریس کلبز کے سامنے جائیں گے طلبہ کے پاس جائیں گے ہم عوام کو بتائیں گے کہ ان سے ووٹ کا حق چھین لیا گیا ہے اور ہماری جو بھی جدوجہد ہوگی پرامن اور آئین و قانون کے اندر رہتے ہوئے ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیٹے جنوری میں پاکستان آرہے ہیں اور وہ اپنے والد سے ملاقات کریں گے پارٹی میں وہ کوئی کردار ادا نہیں کریں گے اُن کے آنے کے بعد عمران خان سے مشاورت ہوگی تو پھر دیکھا جائے گا۔ اسد قیصر نے اچکزئی اور علامہ راجا ناصر کے دئیے گئے اختیارات سے متعلق کہا کہ عمران خان اس کو بہتر سمجھتے ہیں اور پھر یہ بھی ہے کہ ہماری پارٹی سے جو بھی سامنے آئے گا یہ اُس کو نااہل کردیں گے۔قومی ڈائیلاگ کا مطلب یہ ہے کہ اس میں اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ اور تمام سیاسی پارٹیاں سر جوڑ کر بیٹھیں اور حل نکالیں کہ ملک کیسے چلے گا۔