zaکراچی / اسلام آباد / لاہور (جنگ نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پرامن سیاست اور جمہوریت پر یقین رکھتی تھیں، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو جمہوریت کی نڈر آواز اور مزاحمت کی ایک ناقابل تسخیر علامت تھیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی اٹھارویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم ایک ایسی رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں جن کی زندگی اور قربانی پاکستان میں جمہوریت کی جدوجہد سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو عالمِ اسلام کی پہلی خاتون وزیرِاعظم تھیں جنہیں پاکستان کے عوام نے دو بار منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایک ایسے پاکستان پر یقین رکھتی تھیں جس میں سب کی شمولیت ہو۔