کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لاڑکانہ میں 600بستروں کے اسپتال کی تعمیر کے ڈیزائن، دائرہ کار اور مالی فریم ورک کی منظوری دیدی،اسپتال کا سنگ بنیاد مارچ 2026میں رکھا جائےگا،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ لاڑکانہ کا اسپتال بالائی سندھ کے عوام کو جدید اور سستی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک نمایاں منصوبہ ہے۔۔اجلاس میں صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری وزیرِ اعلیٰ رحیم شیخ، سیکریٹری صحت ریحان بلوچ، ڈاکٹر سعید قریشی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر اسپتال کاشف کھوکھر شریک ہوئے جبکہ کمشنر لاڑکانہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ یہ اسپتال منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر شروع کیا گیا ہے اور چیئرمین کے وژن کے مطابق یہ سہولت بالائی سندھ کے عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرے گی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ لاڑکانہ اسپتال ایک چھ منزلہ عمارت ہوگی جس میں ایک بیسمنٹ بھی شامل ہوگا اور اسے دو مراحل میں تعمیر کیا جائے گا۔ اسپتال کی مجموعی گنجائش پانچ سو چھیانوے بستروں پر مشتمل ہوگی اور یہ چھ سو بستروں پر مشتمل اعلیٰ ترین علاج فراہم کرنے والے اسپتال کے طور پر کام کرے گا۔اسپتال کی ساخت اور گنجائشوزیرِ اعلیٰ کی منظور شدہ منصوبہ بندی کے مطابق اسپتال دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں بیسمنٹ سمیت چھ منزلہ ٹاور تعمیر کیا جائے گا جس میں 288 نرسنگ کیئر بیڈز، 92 ایمرجنسی بیڈز اور 48 انتہائی نگہداشت کے بیڈز شامل ہوں گے۔