• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان کے مختلف علاقوں میں گندگی اور کوڑے کے بڑے ڈھیر لگ گئے

ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبے کو “صاف ستھرا پنجاب” بنانے کے دعوؤں کے برعکس ملتان کے مختلف علاقوں میں گندگی اور کوڑے کے بڑے ڈھیر موجود ہیں، جس پر شہریوں نے شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے،شہر کے متعدد علاقوں زکریا ٹاؤن یونین کونسل 68، شالیمار کالونی ،یونین کونسل67، خیرالمعارف روڈ، ماڈل ٹاؤن ٹی چوک ٹبی والا،چاہ دورہٹہ،ٹویوٹا موٹر،محمود کوٹ یونین کونسل69دورانہ لنگانہ بستی حفیظ آباد ،شریف پورہ سٹیلائٹ ٹاون ،گلستان علی کالونی جتوئی سٹریٹ،علامہ اقبال سٹریٹ،گلگشت ،سبزہ زار کی مختلف گلیوں ، سڑکوں کے کنارے، خالی پلاٹوں اور آبادی کے قریب کچرے کے انبار لگے ہوئے ہیں، بدبو، مکھیاں اور آوارہ جانور معمول بن چکے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی نظر آتے ہیں،متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے نظام میں واضح ناکامی نظر آ رہی ہے، جو حکومتی دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے،مقامی رہائشیوں کے مطابق بارہا شکایات کے باوجود صفائی کا مؤثر انتظام نہیں کیا گیا،ان کا کہنا ہے کہ اگر یہی “صاف ستھرا پنجاب” ہے تو عام آدمی کو بنیادی سہولت بھی میسر نہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صرف بیانات کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں، سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو تشہیری مہمات کے بجائے بلدیاتی نظام کو فعال بنانا ہوگا، ورنہ ایسے دعوے عوام میں مایوسی اور بداعتمادی کو مزید بڑھائیں گے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ملتان میں صفائی کے مؤثر اور مستقل اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
ملتان سے مزید