• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دینی مدارس کو ختم کرنے کی خواہشیں کبھی پوری نہیں ہوں گی، مولانا فضل الرحمٰن

ملتان (نمائندہ جنگ) جامعہ خیر المدارس ملتان کے 98 ویں تعلیمی سال کے اختتام پر سالانہ اجتماع منعقد ہوا، اجتماع میں ملتان و بہاولپور ڈویژن کے وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے منسلک مدارس کے فضلاء کرام، شیوخِ حدیث اور اساتذہ کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جب تک اللہ تعالیٰ کو انسانیت کی بقا منظور ہے، دین کی حفاظت بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کو ختم کرنے کی خواہشیں کبھی پوری نہیں ہوں گی اور مدارس پوری قوت سے دین کا پیغام پھیلاتے رہیں گے۔ انہوں نے فضلاء کو نصیحت کی کہ دستارِ فضیلت ایک عظیم امانت ہے جسے حکمت، اخلاص اور استقامت سے آگے بڑھانا ہوگا۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا کہ جامعہ خیر المدارس پوری امت کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کا بنیادی مقصد اللہ کی رضا ہے۔وفاق المدارس کے ناظمِ اعلیٰ اور جامعہ کے شیخ الحدیث مولانا محمد حنیف جالندھری نے صحیح بخاری کی آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ کا علمی و دعوتی سفر 98 برس مکمل کر چکا ہے اور ان شاء اللہ دو سال بعد صدی مکمل ہوگی۔ انہوں نے وحی کی رہنمائی کو دین کی بنیاد قرار دیا،جنوبی پنجاب کے ناظم مولانا زبیر احمد صدیقی نے تحفظِ مدارس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فضلاء سلف صالحین کے منہج پر قائم رہیں، صبر، استقامت اور نماز کو اپنا شعار بنائیں۔

اہم خبریں سے مزید