• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا سعودیہ، UAE سے رابطہ، وزیراعظم کی اماراتی صدر شیخ محمد سے ملاقات، اسحاق ڈار کا سعودی ہم منصب کو فون، علاقائی صورتحال پر گفتگو

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) پاکستان کا سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے رابطہ، وزیر اعظم شہباز شریف نے رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون سمیت مختلف علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور آئی ٹی، توانائی، کان کنی اور معدنیات، دفاع سمیت وسیع شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی، وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات برادرانہ تعلقات کو ایک اسٹرٹیجک اور مفید اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا، علاوہ ازیں وزیر اعظم نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی رہائش گاہ حملے کی مذمت کی اور بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاجبکہ وزیر خارجہ اسحق ڈار نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کو ٹیلیفون کیا اور علاقائی صورتحال پر بات چیت، نائب وزیراعظم نے پاک سعودی تعلقات پراظہار اطمینان کیا، سعودی وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانےکے عزم کا اعادہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے منگل کو شیخ زاید پیلس رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات نہایت گرمجوش اور خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے 26 دسمبر 2025ء کو اسلام آباد میں ہونے والی اپنی حالیہ ملاقات میں ہونے والے تبادلہ خیال کو آگے بڑھایا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ دونوں فریقوں کو بڑی تبدیلی کے ذریعے دو طرفہ تجارت میں اضافہ و فعال طور پر آگے بڑھانا چاہئے جو اسے مطلوبہ سطح پر لے آئیگا۔ وزیراعظم نے شیخ محمد بن زید النہیان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں متحدہ عرب امارات کی شاندار ترقی پر گہرے اطمینان اور تحسین کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے فروغ کیلئے یو اے ای کے صدر کے عزم پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے 21 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی کو بھی سراہا جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ بیان کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک سال کے دوران قیادت کی سطح پر ہونے والے بھرپور روابط کا تسلسل ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘‘ پر گزشتہ روز اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعظم نے بیگم خالدہ ضیاء کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بنگلہ دیش کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جو جدوجہد کی اسکے دیرپا اثرات ہونگے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء پاکستان کی مخلص دوست تھیں،غم کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ ہیں ۔انہوں نےدعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات کی مذمت کرتے ہو کہا ہے کہ اس نوعیت کا گھناؤنا اقدام بالخصوص ایسے وقت میں جب امن کیلئے کوششیں جاری ہیں، امن، سلامتی اور استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہے۔

اہم خبریں سے مزید