اسلام آباد( نیو زرپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سال میں پاکستان نے بہترین معاشی ترقی کی، غیر متزلزل عزم سے چیلنجز کامقابلہ کیا اورچیلنجز کے باوجود ہم نے ملک کودوبارہ درست سمت میں ڈال دیا ہے۔،حکومت کے مشکل فیصلوں کے نتائج خود بول رہے ہیں،اصلاحات کا سفر درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے،اسی کمٹ منٹ اور ذوق و شوق سے آگے بڑھتے رہے تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی، پاکستان سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک بن چکا اقتصادی اصلاحات پاکستان کے بہتر مستقبل کا پتہ دے رہی ہیں ، ہم کاغذی نہیں ، عملی اقدامات کر رہے ہیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو وزیر اعظم ہاؤس میں اقتصادی گورننس اصلاحات کی تقریب رونمائی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ سینیٹرمحمد اورنگزیب سمیت وفاقی وزراء ، حکومت کی معاشی ٹیم کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے، وزیر اعظم نے کہا کہ جب اقتدار سنبھالا تو ہمیں شدید چیلنجز کا شکار معیشت ورثے میں ملی، ہمارا ٹاسک مشکل تھا مگر ناممکن نہیں تھا، معاشی طور پر ہم مشکلات میں گھرے ہوئے تھے،افراط زر تقریباً 30 فیصد تک پہنچ چکا تھا، زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے تھے لیکن ہم نے مشکل کام کا بیڑا اٹھایا ، مسلم لیگ ن کیلئے یہ صورت حال پہلی بار نہیں تھی، 2024ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد بھی بہت مشکل فیصلے تیزی سے کیے کیونکہ واضح مقصد پاکستان کو اقتصادی بحران سے نکالنا تھا، مشکل فیصلوں کے نتائج سامنے آرہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 3.3 ارب ڈالر سے تبدیل ہو کر 1اعشاریہ9 ارب ڈالر کے سرپلس میں بدل چکا ، ٹیکس ٹو جی ڈی پی کا تناسب تقریباً 8 فیصد سے بڑھ کر 10 فیصد سے زائد ہو گیا ، افراط زر 29اعشاریہ 2 فیصد سے کم ہو کر 4اعشاریہ5فیصد تک آ چکا ، زر مبادلہ کے ذخائر 9اعشاریہ2ارب ڈالر سے بڑھ کر 21اعشاریہ 2ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے، 10لاکھ سے زائد نئے ٹیکس دہندگان نظام میں شامل ہوئے،حکومتی نظام کو وسیع پیمانے پر ڈیجیٹل پر منتقل کیا بالخصوص ایف بی آر کی ڈیجٹلائز یشن کی گئی ، انہوں نے کہا بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کیا جارہا ہے ، عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے حکومت کی معاشی بہتری اور اصلاحات کو سراہا ہے ۔ انہوں نے معاشی بہتری کے لئے اصلاحات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ اصلاحات کا سفر درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، ہم اپنے اہداف مکمل کرینگے۔ انہوں نے پی آئی اے کی نجکاری کو بڑا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی نجکاری عرصہ دراز سے التواء کا شکار تھی، پونے دو سال میں یہ اصلاحات کوئی آسان کام نہیں تھا، دہائیوں سے یہ اصلاحات تاخیر کا شکار رہیں اور انہیں عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکا، تاخیری حربے استعمال ہوتے رہے، سٹرکچرل ریفارمز کو حکومت کااہم ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری اپنی ضرورت ہے، اس کے بغیر پاکستان ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن نہیں ہوسکتا ، بین الاقوامی اداروں کی مشاورت سے ہم نے جو اصلاحات کی ہیں یہ ہمارے اپنے مفاد میں ہیں، ہم اپنے عوام کو جوابدہ ہیں، عوام نے ہمیں جو ذمہ داری دی ہے اس سے احسن طریقے سے عہدہ برآ ہوں گے۔