کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ انشاء اللہ رواں برس کراچی پر 46 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، قدیم ورثے کی بحالی شہری ترقی کا اہم حصہ ہے، تاریخی بازاروں کی بحالی سے نہ صرف کراچی کی خوب صورتی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی فروغ پاتی ہیں، حسن علی حوتی مارکیٹ کی بحالی اسی وژن کی عکاس ہے۔ وہ ہفتے کو یہاں اولڈ سٹی ایریا، رنچھوڑ لائن میں واقع تاریخی حسن علی حوتی مارکیٹ کی تزئین و آرائش اور بحالی کے بعد اس کاافتتاح کررہے تھے، جسے تعمیر ہوئے 100 سال مکمل ہوچکے ہیں۔تقریب میں وزیر ثقافت سندھ ذوالفقار شاہ، منتخب نمائندے، تاجر برادری، ہوتی خان دان کے افراد اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ آج ہم ایک صدی مکمل کرنے والی تاریخی حسن علی حوتی مارکیٹ میں موجود ہیں، یہ صرف ایک تجارتی مرکز نہیں بلکہ کراچی کے قدیم تشخص اور برطانوی دور کے شہری ورثے کی بھی علامت ہے، 100سال قبل قائم کی گئی اس تاریخی مارکیٹ کو وقت گزرنے کے ساتھ نظرانداز کیا گیا، یہاں تجاوزات قائم ہو گئیں اور اس کا اصل حسن ماند پڑ گیا، مگر کے ایم سی نے یہ تاریخی ورثہ بچانے کا بیڑہ اٹھایا، ہم نے اس مارکیٹ کی تزئین و آرائش اس انداز سے کی کہ اس کا اصل تشخص برقرار رہے، چبوترے ختم کیے گئے۔