کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی اوپن انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ 6 سے 11 جنوری تک منعقد ہوگا، جس کی ریکارڈ انعامی رقم 2 لاکھ 42 ہزار ڈالر زہے۔ اس بات کا اظہار چیئرمین سندھ اسکوائش ایسوسی ایشن اور سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر عدنان اسد نے ڈی ایچ اے کریک کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،چھ روزہ پی ایس اے ورلڈ ٹور گولڈ ایونٹ مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز پر مشتمل ہوگا، جس میں ہر کیٹیگری کے لیے 1 لاکھ 20 ہزار 500 ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے نامور بین الاقوامی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ مردوں اور خواتین دونوں مقابلوں میں ٹاپ 8 سیڈڈ کھلاڑیوں کو بائی دی گئی ہے اور وہ براہِ راست دوسرے راؤنڈ میں کھیلیں گے۔