اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان ایئر فورس نے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جو قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب تجربے پر قوم اور پاک فضائیہ کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تیمور ویپن سسٹم کی بدولت ملک کا دفاع مزید مستحکم ہو گا ، ایئر چیف مارشل ظہیر بابر نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، انجینئرز، پاک فضائیہ کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل دشمن کے زمینی اور بحری اہداف کو 600 کلومیٹر کی رینج پر انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ روایتی وارہیڈ لے جانے کے قابل ہے۔جدید ترین نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے لیس تیمور کو انتہائی کم بلندی پر پرواز کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو اسے دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظاموں سے مثر طور پر بچنے کے قابل بناتا ہے۔اس کی درستگی سے حملہ کرنے کی صلاحیت پاکستان ایئر فورس کی روایتی روک تھام اور آپریشنل لچک کو نمایاں طور پر بڑھاتی ہے ۔