• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PP ووٹ نہ ملنے کا غصہ کراچی دشمنی کی صورت میں نکال رہی ہے، کیا بلاول کا وژن کراچی کو موہنجو دڑو بنانے کا ہے، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ووٹ نہ ملنے کا غصہ کراچی دشمنی کی صورت میں نکال رہی ہے۔صوبائی حکومت کراچی کے 3360ارب روپے ہضم کر چکی ہے،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بلاول کے وژن کی بات کرتے ہیں تو بتائیں کیا بلاول کا وژن کراچی کو موئن جو دڑو بنانا ہے؟۔ چند بسیں لا کر افتتاح کرنے سے اہل کراچی کے ٹرانسپورٹ کے سنگین مسائل ہرگز حل نہیں ہوسکتے۔وہ ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، سیف الدین ایڈوکیٹ، راجا عارف سلطان، سلیم اظہر، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، زاہد عسکری، صہیب احمد اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی میں کوئی رکاوٹ نہیں لیکن تمام صوبائی حکومتیں بلدیاتی نظام کو کمزور کرنے پر متفق ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کا تعلق ہمیشہ مفادات پر مبنی رہا ہے،عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے صرف مصنوعی لڑائیاں کی جاتی ہیں۔ عوام دونوں جماعتوں کو کلیتاً مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نفع بخش قومی اداروں کو بیچ دینے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ حکومت عوام کو جواب دے کہ ادارے کیوں فروخت کئے گئے۔ صورتحال یہ ہے کہ حکومت اب سرکاری اسکولوں سے بھی جان چھڑانے کی کوشش کر رہی ہے۔اگر پنجاب حکومت کے فنڈز اور اس کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جائے تو ہزاروں ارب روپے کی کرپشن سامنے آ ئے گی، جبکہ سندھ کی تو مجموعی صورتحال ہی دل خون کے آنسو رلانے والی ہے۔امریکہ کاایک مرتبہ پھر تمام عالمی قوانین کو پامال کرتے ہوئے وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ پر ان کی رہائش گاہ پر حملہ واغواء کھلی دہشت گردی ہے۔لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ پاکستان کی حکومت نے اس کھلی جارحیت پر کوئی واضح مؤقف اختیار نہیں کیا۔
اہم خبریں سے مزید