• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈ کپ، بنگلہ دیش اور بھارت میں تناؤ بڑھ گیا، معاملہ خاموش ڈپلومیسی سے حل کرنے کی کوشش

دبئی (نمائندہ خصوصی/جنگ نیوز) بنگلہ دیش کی جانب سے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کے بعد تناؤ بڑھ رہا ہے۔ بھارتی بورڈ نے اس درخواست کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔ گیند انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے کورٹ میں ہے اور خاموش ڈپلومیسی کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے پیر کو اعلان کیا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے منتقل کرنے کے لیے آئی سی سی کو درخواست بھیج دی ہے ۔ بھارت میں ٹیم بھیجنا محفوظ نہیں لگ رہا۔ اب بورڈ کا اگلا قدم آئی سی سی کے جواب پر منحصر ہے، ہم براہِ راست بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ بات نہیں کر رہے، کیونکہ یہ آئی سی سی ایونٹ ہے۔ اگرچہ بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات موجود ہیں، لیکن سکیورٹی خدشات الگ معاملہ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انڈین پریمیئر لیگ کی نشریات روکنے کا فیصلہ حکومت نے کیا ہے، جس میں بورڈ کی جانب سے مکمل تعاون حاصل ہے۔ خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی وزارت اطلاعات نے انڈین پریمیئر لیگ کے میچ نہ دکھانے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے۔ بنگلہ دیش کی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل 2026 سیزن سے خارج کرنے کے فیصلے نے بنگلہ دیش کے لوگوں کو غمزدہ کر دیا ہے۔ اس صورتحال نے حکومت کو ملک میں آئی پی ایل کی نشریات پر پابندی عائد کرنے پر مجبور کر دیا ہے، جو کہ مزید نوٹس تک جاری رہے گی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا اپنی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ بالکل درست اور جواز رکھتا ہے۔ آئی سی سی بنگلادیش کے میچز دوسرے مقام پر منتقل کرے۔

اسپورٹس سے مزید