کوئٹہ(اے پی پی/جنگ نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں قومی شاہراہ N-25 اور پانچ دانش اسکولوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور کہاہے کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے مل بیٹھ کر کام کریں گے ‘ صوبے کو درپیش سکیورٹی‘معاشی اور ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبے کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا‘ افواج پاکستان اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کے باعث ملک کا دفاع مضبوط ہوا ہے‘خیبرپختونخوااور بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے خارجی ہاتھ ہے‘ہمسایہ ملک خوارجیوں کو سپورٹ کرتے ہیں ‘ 2018ءکی طرح دو با رہ دہشتگردوں کا صفا یا کر یں گے‘چیف آف آرمی اسٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے‘بلوچستان کو دوسر ے صوبوں کے ہم پلہ دیکھنا چاہتے ہیں‘ صوبے کی ترقی کے لیے ہرممکن وسائل فراہم کریں گے‘ دہشت گردی کے پیچھے فتنہ الہند ستان کا ہاتھ ہے، پاک فوج نے مئی میں دشمن کو شکست فاش دی، ہماری فوج اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کا سر کچل کر رہیں گے،دشمن کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی‘جنوبی بلوچستان میں بھی دانش اسکول بنائے جائیں گے‘ نوجوانوں کے لیے سکیموں میں بلوچستان کا 10 فیصد اضافی کوٹہ رکھا گیا ہے،رواں سال سیلاب متاثرین کے لیے 57 ہزار گھر مکمل کیے جائیں گے، سیلاب متاثرین کے لیے عالمی بینک نے 112 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے،کچھی کینال منصوبے کی تکمیل بلوچستان کی زرعی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے چار ہفتوں میں ٹھوس فیصلہ کر کےبلوچستان کے عوام کو تحفہ دیں گے، ترقی کی دوڑ میں مل کر آگے بڑھیں گے تو پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں قومی شاہراہ N-25، آواران جھلجھاؤ روڈ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دانش سکولوں کے سنگ بنیاد و افتتاح اور بلوچستان میں 2022ء کے سیلاب متاثرین میں تعمیر شدہ گھروں کے سرٹیفکیٹس اور چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شہباز شریف نے کہا کہبلوچستان میں ایک ہی وقت میں پانچ دانش اسکولز قائم کیے جا رہے ہیں جہاں قلعہ سیف اللہ سے تربت تک غریب اور وسائل سے محروم گھرانوں کے بچے اور بچیاں معیاری تعلیم حاصل کریں گے‘ خیبر پختونخوا کی طرح بلوچستان بھی دہشت گردی سے شدید متاثر ہوا ہے تاہم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے افواج پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں‘ افواج پاکستان، پولیس، ایف سی، رینجرز، لیویز اور عام شہریوں کی قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی‘فتنہ الخوارج کے خلاف جنگ جاری ہے اور بدقسمتی سے بعض ہمسایہ ممالک کی جانب سے دہشت گردوں کو معاونت دی جا رہی ہے جو انتہائی افسوسناک بات ہے تاہم حکومت اورافواج پاکستان کا عزم پختہ ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔