• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپورٹس بورڈ نے پی ایچ ایف کلبز کی اسکروٹنی شروع کردی

کراچی( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) چند سالوں سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدے داروں کے حوالے سے بحران حل ہونے کی جانب بڑھنے لگا۔ ہاکی فیڈریشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ انتخابات کیلئے ایک پیج پر آگئے ہیں۔ اسپورٹس بورڈ نے الیکشن کی شفافیت اور ساکھ یقینی بنانے کی خاطر پی ایچ ایف کے اشتراک سے ہاکی کلبوں کی اسکرونٹی شروع کر دی۔ جنگ کے ساتھ بات چیت میں پی ایچ ایف مخالف گروپ کے ایک اہم رکن نے کہا کہ ہم اس اسکروٹنی میں بھر پور حصہ لیں گے۔ پی ایس بی کے ترجمان نے بتایا کہ اسکروٹنی پی ایچ ایف کرے گی ، نگرانی پی ایس بی کے پاس ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ایف کے انتخابی عمل میں حصہ لینے کے خواہشمند تمام ہاکی کلبز کو جانچا جائے گا۔ پی ایس بی اور پی ایچ ایف کے نمائندگان پر مشتمل اسکروٹنی کمیٹی بنائی گئی ہے ۔ کلبوں کا ڈیٹا آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کیا جا رہا ہے ۔ جانچ پڑتال بنیادی طور پر دستاویزی ہوگی اور جہاں ضرورت ہو وہاں ایک بار اصلاح کی مہلت دی جائے گی، جس کے بعد اہل کلبوں کی فہرستیں جاری کی جائیں گی۔ اعتراضات اور اپیل کے لیے بھی واضح نظام وضع کیا گیا ہے، جس کے کے تحت متاثرہ کلبز مقررہ مدت کے اندر اپنے اعتراضات جمع کرا سکیں گے۔ اپیلوں کی سماعت پہلے پاکستان ہاکی فیڈریشن کرے گی، جبکہ حتمی فیصلہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے نامزد کردہ ایڈجوڈی کیٹر کرے گا۔

اسپورٹس سے مزید