کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے آئرلینڈ نے اپنے دستے کا اعلان کردیا ، 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت پال اسٹرلنگ کریں گے۔ آئرلینڈ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نویں بار شریک ہوگی۔ آئرش ٹیم کی بہترین کارکردگی 2009 اور 2022 میں سامنے آئی تھی جب اس نے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا اور سابق چیمپئن ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کو شکست دی۔آئرلینڈ کے سلیکٹر اینڈریو وائٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم اس بار مزید بہتر اور مضبوط انداز میں میدان میں اترے گی،وکٹ کیپر بلے باز لوکران ٹکر نائب کپتان ہوں گے۔اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل 15 میں سے 12 کھلاڑی گزشتہ ایڈیشن کا بھی حصہ تھے، جبکہ نئے چہروں میں ٹم ٹیکٹر، بین کیلٹس اور میتھیو ہمفریز شامل ہیں، آئرلینڈ ٹیم ورلڈ کپ سے قبل متحدہ عرب امارات اور اٹلی کے خلاف دبئی میں سیریز کھیلے گی۔ آئرلینڈ اور اٹلی میں 3 ٹی20 میچز کی سیریز 23 جنوری سے ہوگی جبکہ امارات سے 2 میچز 29 اور 31 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔