حیدرآباد، جامشورو (بیورورپورٹ، نامہ نگار) وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ پر ابھی زرداری کا قبضہ ہے،سندھ کی عوام اب پیپلز پارٹی کو مزید دیکھنا نہیں چاہتی اور سندھ کی عوام ان سے آزادی چاہتی ہے، پیپلزپارٹی نے 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے پاکستان کے آئین کا ڈھانچہ ہی ہلا دیا ہے،کراچی کے باغ جناح کے گیٹ کو تالے لگادیئے گئے ہیں لیکن ہم آج(اتوار کو) جلسہ کرینگے۔وہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے زیرِ اہتمام جلسہ سے خطاب کررہے تھے ۔پی ٹی آئی کے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سندھ کے وسائل سندھ کے لوگوں کو نہیں ملتے گیس، پانی سندھ کے لوگوں کا ہے، تحریک تحفظ پاکستان کے پلیٹ فارم سے آپکے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان بزدل ہوتا تو ڈیل کرکے کب سے جیل سے باہر آچکا ہوتا،وہ اصولوں کی جنگ لڑ رہا ہے۔اس موقع پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور وائس چیئرمین تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان سید زین شاہ سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا ہ محمد سہیل آفریدی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سید زین شاہ نے کہا کہ موجودہ پیپلز پارٹی وہ بدروح ہے جو اپنے بچے کھاتی ہے اور وہ پورا سندھ کھا چکی ہے لیکن اس کا پیٹ نہیں بھرا۔ زرداری کے حکم پر ہمیں سندھ میں احتجاج کرنے نہیںدیا جا رہا ہے اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندیوں کے ساتھ ساتھ ہم پر جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ ہمارے نوجوان اپنے میرٹ اور انصاف سے محروم ہو رہے ہیں، ماضی میں ایک مراعات یافتہ قوم کا غلبہ محسوس ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جعلی حکومت ہے،جعلی حکومت کے 2022 سے آج تک جو آئین میں ترامیم کی گئی ہیں اس نے آئین جو حلیہ بگاڑ دیا ہے، عدالتیں کمزور ہو گئی ہیں اور انصاف کے دروازے بند ہو چکے ہیں ،ہم اسے نہیں مانتے، ہم پاکستان کے آئین کا تحفظ چاہتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ حکومت ختم کرکے نئے شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ فروری کو شٹر ڈاون ہڑتال ہوگی اور ملک میں تبدیلی کا دن ہوگا۔علاوہ ازیں کراچی سے حیدر آباد روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی پی اتوار کو باغ جناح میں عوامی جلسہ کریگی، ہمیں ابھی تک جلسہ کی تحریری اجازت نہیں دی گئی ہے، کراچی میں ہمارا شاندار ستقبال کیا گیااس پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،ہم سیاسی لوگ ہیں،ہمیں پروٹوکول عوام سےملتا ہے، پنجاب کی جعلی حکومت کا ہم سےرویہ اچھا نہیں تھا۔