نئی دہل(جنگ نیوز)بھارت نے خلیج بنگال کے شمالی حصے میں مغربی بنگال کے شہر ہلدیہ میں نیا بحری اڈہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق یہ اقدام خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی بحری سرگرمیوں اور بنگلہ دیش و پاکستان سے جڑی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہلدیہ میں قائم کیا جانے والا یہ اڈہ بھارتی بحریہ کے ایک ایسے اڈے کے طور پر کام کرے گا جو اپنی نوعیت میں چھوٹا مگرفوری کارروائی کرنے والا اڈہ ہوگا، جہاں بنیادی طور پر چھوٹے اور تیز رفتار جنگی بحری جہاز تعینات کیے جائیں گےجن میں فاسٹ انٹرسیپٹر کرافٹس (FICs) اور 300 ٹن وزنی نیو واٹر جیٹ فاسٹ اٹیک کرافٹس (NWJFACs) تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔ یہ تیز رفتار کشتیاں 40 سے 45 ناٹس تک کی رفتار حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور فوری ردعمل پر مبنی بحری کارروائیوں کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ ان جہازوں کو CRN-91 گنز سے مسلح کیا جائے گا جبکہ امکان ہے کہ انہیں ناگاسترہ جیسے لوئٹرنگ میونیشن سسٹمز سے بھی لیس کیا جائے، جس سے نگرانی اور ہدفی حملوں کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ماہرین کے مطابق خلیجِ بنگال کے شمالی حصے میں اس پیش رفت کی کئی وجوہات ہیں، جن میں بحرِ ہند کے خطے میں چینی بحریہ (PLA Navy) کی بڑھتی ہوئی نقل و حرکت، سمندری راستوں سے غیر قانونی دراندازی کے خدشات، اور بنگلہ دیش سے بھارت میں غیر قانونی داخلوں کے واقعات شامل ہیں۔