اسلام آباد(طاہر خلیل ، حافظ وسیم اختر ،صباح نیوز، جنگ نیوز ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی نااہلی کے بعد خالی سیٹ پر اپوزیشن لیڈر کی تقرری کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق ہوگیا ہے۔محمود خان اچکزئی قائد حزب اختلاف کیلئے واحد امیدوار ہیں، پی ٹی آئی وفد نے اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات کرکے محمود خان اچکزئی کی نامزدگی جمع کرائی،وفد میں بیرسٹر گوہر، اسد قیصر شامل تھے جبکہ ملاقات میں، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی ہی متحدہ اپوزیشن کے واحد امیدوار ہونگے، اسپیکر قومی اسمبلی نے بیرسٹر گوہر کو محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کی یقین دہانی کرا دی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات تک اپوزیشن لیڈر کا تقرر ہو جائیگا، اسپیکر ہی سب کچھ ہے، وہ جب چاہے نوٹیفکیشن کر سکتے ہیں، اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن ہونا اعتماد سازی کی جانب اہم قدم ہوگا، 8فروری کو پہیہ جام ہڑتال ہوگی، احتجاج پرامن اور مہذب ہوگا، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا تقرر ہو جائے تو سینیٹ میں بھی ہو جائیگا، پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں،بانی پی ٹی آئی عمران خان ہی پارٹی کے چیئرمین تھے، ہیں اور رہیں گے، عمران خان کے فیصلے کو کوئی سیاسی کمیٹی تبدیل نہیں کرسکتی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی قانونی ضابطے پورے کر کے اپوزیشن لیڈر کا تقرر کریں گے۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا، محمود خان کے مقابل کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔