کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پنشن کی ادائیگیوں اور ترقیاتی ادائیگیوں سمیت تمام مالی معاملات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام سے منسلک کردیا جائے گا، اس نظام کو نادرا سے منسلک کیا جائے گا تاکہ فوری تصدیق، مزید شفافیت اور بہتر سروس ڈیلیوری ممکن ہو سکے، تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ایس اے پی سسٹم کی کامیاب عملداری کے بعد اب کے ایم سی تمام باقی مالی معاملات کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے تیار ہے، یہ بات انہوں نے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس (CGA) پاکستان کے تحت کام کرنے والے ادارے فنانشل اکاؤنٹنگ اینڈ بجٹنگ سسٹم (FABS) کے وفد کےساتھ ہونے والے اجلاس میں کہی،میئر کراچی نے کہا کہ مالی اور انتظامی اصلاحات کی جانب ایک بڑے قدم کے طور پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے پنشن اور ترقیاتی ادائیگیوں کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے اور تمام ادائیگیوں کو محفوظ الیکٹرانک پلیٹ فارمز کے ذریعے انجام دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، میئر نے کہا کہ کے ایم سی میں ہر ادائیگی مکمل طور پر ڈیجیٹل ہونی چاہیے،جرمانے، چالان، کرایہ جات اور تمام بلدیاتی فیسیں بھی الیکٹرانک ادائیگی چینلز کے ذریعے وصول کی جائیں، میئر کراچی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈلز کے تحت منصوبے متعارف کرانے اور ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔