کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کی بقایاجات اور پینشن کی عدم ادائیگی کے سنگین مسئلے پر وزیر اعظم پاکستان سے فوری اور براہِ راست مداخلت کی اپیل کی گئی ہے۔ یہ اپیل وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ و ملازمین کمیٹی اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے دیگر اراکین کے مشترکہ اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ یہ اجلاس گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں منعقد ہوا جس کی صدارت انسانی حقوق کمیشن سے وابستہ خضر حبیب نے کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر توصیف احمد خان، زیبسٹ کے ڈاکٹر ریاض شیخ، وفاقی اردو یونیورسٹی کی سینیٹ کی رکن مہناز رحمان، مسعود احمد خان، سعید احمد عثمانی، کراچی یونین آف جرنلسٹس کے طاہر حسن خان، انسانی حقوق کمیشن کے سہیل سانگی سمیت اساتذہ، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کی پینشن گزشتہ پانچ ماہ سے ادا نہیں کی گئی، جبکہ واجب الادا بقایاجات کی عدم ادائیگی کا مسئلہ کئی برسوں سے برقرار ہے۔ اس دوران بارہ ملازمین اور پانچ سے زائد اساتذہ انتقال کر چکے ہیں، تاہم ان کے اہلِ خانہ آج تک یونیورسٹی سے اپنے قانونی واجبات وصول نہیں کر سکے۔ شرکاء کے مطابق بیوہ خواتین اور بچوں کو شدید مالی مشکلات اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے، جو ایک واضح انسانی بحران کی صورت اختیار کر چکا ہے۔