کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک نظریاتی اسلامی ریاست ہے، جس کی بنیاد دو قومی نظریے، اسلامی اقدار اور لاکھوں قربانیوں پر رکھی گئی، وطنِ عزیز کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ ہر پاکستانی کی دینی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار مقررین نےجمعیت علماء پاکستان یوتھ ونگ کراچی کے زیر اہتمام بدھ کومقامی ہوٹل میں منعقد کل جماعتی کانفرنس میں کیا ، جس میں وطنِ عزیز کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ، اسلامی اقدار کے فروغ، معاشی انصاف، قومی سلامتی اور امتِ مسلمہ کو درپیش عالمی چیلنجز پر تفصیلی غور کیا گیا، کانفرنس کی صدارت جے یو پی کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کی جبکہ میزبان جمعیت علمائے پاکستان یوتھ ونگ کراچی کے صدر راؤ عبدالرحمنٰ تھے،کانفرنس سے شاداب رضا نقشبندی، فردوس شمیم نقوی، اسد اللہ بھٹو، علامہ ناظر عباس نقوی، مفتی محمد اعجاز مصطفیٰ، بلال عباس قادری، علامہ باقر عباس زیدی دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔