تھرپارکر، مٹھی (ایجنسیاں، رپورٹ، عبدالغنی بجیر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سازش کے تحت مہم چلائی جاتی ہےکہ سندھ حکومت نے کچھ نہیں کیا،18ویں ترمیم کے تحت دیئے گئے اختیارات واپس لینا چاہتی ہیں، کام نہ کرنےکا جھوٹا بیانیہ بنا کر کچھ قوتیں سندھ کے وسائل پر ڈاکا ڈالنا چاہتی ہیں،جو یہ سمجھتے ہیں کہ سندھ کے عوام کی ترقی کا راستہ اسلام آباد سے نکلے گا اس جھوٹے بیانیے کا جواب تھرپارکر کی ترقی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع تھرپارکر میں این ای ڈی یونیورسٹی سے الحاق شدہ تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور اسکول آف ماڈرن سائنسز کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کہا کہ کہا جاتا ہےکہ پیپلزپارٹی نےکچھ نہیں کیا، اختیارات اسلام آباد کو دیئے جائیں، تھر آپکے سامنے ہے، کوئلہ یہاں کے عوام کا اثاثہ ہے، یہاں اتنا کوئلہ ہے جتنا سعودی عرب کے پاس تیل ہے، محترمہ بےنظیر بھٹو نےکام شروع کیا تو سازش کے تحت انہیں روک دیا گیا، اس ایک منصوبے سے نہ صرف تھر میں معاشی انقلاب آیا بلکہ اسلام آباد کوبھی بجلی فراہم ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی سرمایہ کاری کی وجہ سے پورے تھر میں صحت کے اداروں کا جال بچھایا گیا، کوئلے کے منافع کا ایک حصہ تھر فاؤنڈیشن کو دیتے ہیں، ہماری حکومت نے 2008 سےآج تک سندھ کی یونیورسٹیوں کی تعداد دگنی کی،کوئی دوسرا صوبہ سندھ سے یہ مقابلہ نہیں جیت سکتا۔انہوں نے کہا ہے کہ تھرپارکر کی ترقی پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری ہے، جیسے سندھ سمیت چاروں صوبوں کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔