کوہاٹ( نمائندہ جنگ/نامہ نگار) کوہاٹ کے نواحی علاقہ تحصیل سینی گمبٹ یونین کونسل خوشحال گڑھ کے گاؤں وادی کمر میں سونے کی کان میں پہاڑ کا تودہ گرنے سے سات مزدور جاں بحق، ایک شدید زخمی ہوگیا۔کوہاٹ کے نواحی علاقے تحصیل سینی گمبٹ یونین کونسل خوشحال گڑھ کے گاؤں وادی کمر میں ایک ہولناک حادثہ پیش آیا، جب مقامی مزدور سونا نکالنے کے دوران کان کی غیر محفوظ کھدائی میں مصروف تھے۔ اچانک پہاڑ کا ایک بڑا تودہ ان کے اوپر آ گرا ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھاری مشینری کے ساتھ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ملبے کے نیچے دبے مزدوروں کو نکالنے کے لیے کئی گھنٹے جدوجہد جاری رکھی۔