• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکبر ایس بابر کا محمود اچکزئی کی تعیناتی آئینی عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے محمود خان اچکزئی کی اپوزیشن لیڈر تعیناتی کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔ گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے محمود خان اچکزئی کو لیڈر آف دی اپوزیشن تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ اس فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ ایسے فیصلے ملک میں جاری انتشار کو تقویت دینے کے مترادف ہیں جس کا پاکستان مزید متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔ پاکستان کا آئین اور قانون ہرگز اجازت نہیں دیتے کہ ایک سزا یافتہ شخص جیل سے پاکستان کی سیاست کے اہم ترین فیصلے کرے۔ یہ فیصلہ حکمران جماعت کی طرف سے مفاہمت کے نام پر "مک مکا" کی سیاست کی ایک زندہ مثال ہے۔ اقتدار کے کھلواڑ میں پہلے دو کھلاڑی تھے، اب تیسرا کھلاڑی بھی شامل ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے علمبردار اپنی جماعتوں کے اندر جمہوریت برداشت نہیں کرتے۔ ان کا حال یہ ہے کہ پارلیمنٹ کی کارروائی میں بھی شرکت تک نہیں کرتے، اور نہ ہی سپریم کورٹ کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، مگر پھر بھی جمہوریت کا بیڑہ اٹھائے ہوئے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید