لاہور(خصوصی نمائندہ)سابق وزیر اعظم نواز شریف کے نواسے اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے کے صاحبزادے جنید صفدر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ لاہور میں جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کے سلسلے میں گزشتہ روز نکاح اور بارات تھی اس موقع پر جنید صفدر نے سہرا سجایا، ان کی بارات رائے ونڈ روڈ پر لاہور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پہنچی، بارات مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں جاتی امرا سے روانہ ہوئی۔ بارات میں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، دلہے کی والدہ وزیراعلی مریم نوازشریف،دلہے کے والد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور اہل خانہ سمیت وفاقی و صوبائی وزراء ملکی و غیر ملکی مہمان شامل تھے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے بیٹے جنید صفدر اور شانزے علی کا نکاح شیخ عبدالقادر جیلانی کے مزار کے سجادہ نشین نے پڑھایا۔ شانزے علی سے مفتی راغب حسین نعیمی نےاجازت لی، حق مہر کی رقم صرف 1 لاکھ 25 ہزار روپے رکھی گئی۔ جنید صفدر کی ہونے والی اہلیہ شانزے شیخ معروف سیاسی شخصیت شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں، جنید صفدر کے ولیمہ کی تقریب آج 18 جنوری 2026 کو جاتی امرا میں ہو گی۔ ذرائع نے کہا کہ ولیمے کی تقریب میں 800 مہمانوں کو مدعو کیا گیا، مہندی کی تقریب گزشتہ شب جاتی امرا میں ہوئی جس میں دولہا دلہن سمیت دونوں طرف کے عزیز و اقارب شامل ہوئے۔