• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے جامشورو میں سرکاری زمین کا قبضہ لے لیا

 اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی کی جانب سے جاری کردہ منجمد (فریزنگ) احکامات کی تعمیل میں، ڈپٹی کمشنر جامشورو نے پولیس کی نفری اور محکمہ جنگلات حکومتِ سندھ کے کنزرویٹر کے ہمراہ دیہہ مول، تعلقہ تھانہ بولا خان، نیز بحریہ ٹاو ن  ضلع جامشورو کی زمین کا قبضہ لے لیا ہے۔ایک اور کارروائی میں، ڈپٹی کمشنر ضلع ملیر نے بھی ایک دوسرے فریزنگ آرڈر کی تعمیل میں علی ولا کو سیل کر دیا ہے۔یہ 67 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے۔جسے پہاڑی علاقے میں تعمیر کیا گیا ہے اور اس میں جدید ترین سہولیات موجود ہیں، جن میں ہیلی پیڈ، منی چڑیا گھر، سوئمنگ پولز وغیرہ شامل ہیں۔مزید برآں، دو نئی انکوائریوں میں نیب نے 1338 ایکڑ اور 3150 ایکڑ اراضی بھی منجمد کر دی ہے، اس زمین پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مختلف پریسنکٹس 33، 34، 38 تا 40، 42 اور 61 وغیرہ تعمیر کیے جانے تھے، جبکہ یہ زمین حکومتِ سندھ کی ملکیت ہے۔ دریں اثنا اسلام آباد سے رانا غلام قادر کے مطابق سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشی ایریا میں گیسٹ ہاؤسز کے قیام پر اعتراض کرتے ہوئے انہیں ختم کرانے کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول ساؤتھ سید احسن محمود  نےجنرل منیجر بلڈنگ کنٹرول بحریہ ٹاؤن کے نام ایک مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ  سوسائٹی میں دس رہائشی گھروں میں گیسٹ ہاؤسز چلائے جانے کی تصدیق ہوئی ہےجو بلڈنگ بائی  لا زکی خلاف ورزی ہے ۔ ان گیسٹ ہاؤسز کو فوری طور پر بند کیا جائے اور رپورٹ جمع کرائی جائے بصورت دیگر کارروائی ہوگی۔
اہم خبریں سے مزید