اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) پاکستان نے مدینہ منورہ کے لیے اپنے پری حج فلائٹ آپریشن کا کامیابی کے ساتھ اختتام کر دیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 186 پروازوں کے ذریعے 46 ہزار 398 پاکستانی عازمین حج مقدس شہر پہنچے۔ یہ بات ڈائریکٹر حج آپریشنز زاہد سہیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی ۔ مدینہ منورہ میں اپنا قیام، زیارات اور ریاض الجنہ میں حاضری مکمل کرنے کے بعد 97 فیصد عازمین آرام دہ بسوں کے ذریعے بحفاظت مکہ مکرمہ منتقل ہو چکے ہیں، جبکہ باقی ماندہ عازمین کی منتقلی کا عمل بھی بلا تعطل جاری ہے۔ حج مشن کے بہترین لاجسٹک مینجمنٹ کی بدولت مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ تک بین الشہری نقل و حمل کے اوسط اخراجات کم ہو کر صرف 14 سعودی ریال فی عازم رہ گئے، جو کہ سرکاری بچت کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔