اسلام آباد ( رپورٹ حنیف خالد) نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو (نیب) اسلام آباد/راولپنڈی نے چیئرمین نیب کی خصوصی ہدایات پر بینکر سٹی ہاؤسنگ اسکینڈل کے متا ثرین میں باقی ماندہ تقریباً 16.84 ملین روپے بھی تقسیم کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ادائیگیاں عید سے قبل آن لائن براہِ راست متاثرین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی گئیں تاکہ شہریوں کو بغیر کسی تگ و دو کے،گھر بیٹھے ریلیف فراہم کیا جا سکے۔دوسری جانب بینکر سٹی کیس کے متاثرین کی بڑی تعداد اب بھی نیب اسلام آباد/راولپنڈی سے رجوع کر رہی ہے ،روزانہ کی بنیاد پر نئے کلیمز جمع کروائے جا رہے ہیں ،کروڑوں روپے کے مزید کلیمز زیرِ تصدیق ہیں ؛احتساب عدالت کی منظوری کے بعد مزید جائیدادوں کی نیلامی اور ادائیگیاں متوقع ہیں ۔ ذرائع کے مطابق بینکر سٹی کیس میں مجموعی طور پر ریکور کی گئی رقم میں سے اب تک تقریباً 960 ملین روپے 1300 سے زائد متاثرین میں تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ حالیہ مرحلے میں باقی ماندہ رقم کی ادائیگی بھی مکمل کر دی گئی ۔