• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ، انگلینڈ اور افغانستان کی فتح

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی کر کٹ ٹیم اپنا دوسرا میچ پیر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف زمبابوے کےتاکاشنگا سپورٹس کلب میں کھیلے گی، پہلے میچ میں اسے انگلینڈ کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا،ٹیم کے بولنگ کوچ راؤ افتخار انجم نے کہا ہے کہ پہلے میچ کا نتیجہ ہمارے حق میں نہیں تھا لیکن یہ کرکٹ کا حصہ ہے، کھلاڑی ذہنی طور پر مضبوط اور کم بیک کے لیے تیار ہیں۔ دریں اثنا ورلڈ کپ میں اتوار کو انگلینڈ نے زمبابوے کو 8وکٹ سے جبکہ افغانستان نے ویسٹ انڈیز کو 138رنز سے شکست دے دی ، ٹور نامنٹ میں دونوں ٹیموں کی یہ دوسری کامیابی ہے،نیوزی لینڈ اور امریکا کا میچ بے نتیجہ رہا،ہرارے میں زمبابوے نے انگلینڈ کے خلاف نو وکٹ پر208رنز بنائے،کپتان سمباراشے مدزنگیرے45دھرو پٹیل36کیان بلگناٹ33 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہے،مینی لمسڈن نے تین وکٹ لئے،جواب میں انگلینڈ نے دووکٹ پر209رنز بناکر میچ 8 وکٹ سے جیت لیا،کپتان تھامس ریو نے86جبکہ بین میس نے77 رنز بنائے، دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لئے 167رنز کی شراکت ہوئی،دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے،ونڈہوک نمیبیا میں افغانستان نے چھ وکٹ پر262رنز بنائے، کپتان محبوب خان کے86اور عثمان سادات کے88رنز نے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 124رنز پر آؤٹ ہوگئی، افغانستان کی جانب سے نورستان عمر زئی نے16رنز کے عوض چار وکٹ لئے ،بولاوایو میں امریکا نے نو وکٹ پر253رنز بنائے جس میں ناتش سودینی نے117رنز ناٹ آوٹ سنچری بنائی، جواب میں نیوزی لینڈ نےبغیر نقصان کے12رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ ختم کردیا گیا۔

اسپورٹس سے مزید