ملتان(سٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی کے زیراہتمام پنجاب کے بلدیاتی قانون پر جاری عوامی ریفرنڈم کے سلسلے میں ضلع ملتان بھر میں 50 سے زائد مقامات پر ریفرنڈم کیمپس قائم کیے گئے، جہاں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے بااختیار بلدیاتی نظام کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا شہر کے مختلف علاقوں میں قائم کیمپس پر دن بھر گہما گہمی رہی۔ چونگی نمبر چھ، ماڈل ٹاؤ ن چوک، ایم ڈی اے چوک، عزیز ہوٹل، گارڈن ٹاو ن سمیت ملتان کے اہم مقامات پر بڑے ریفرنڈم کیمپس قائم کیے گئے، جبکہ اس کے علاوہ مختلف محلوں اور رہائشی علاقوں میں بھی عوام نے بھرپور شرکت کی کلمہ چوک پر خواتین کے لیے خصوصی ریفرنڈم کیمپ قائم کیا گیا، جہاں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بلدیاتی نظام سے متعلق اپنی رائے دی۔ خواتین کی سرگرم شرکت نے اس امر کو واضح کیا کہ وہ اپنے شہری اور جمہوری حقوق کے حوالے سے مکمل شعور رکھتی ہیں اس موقع پر ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع ملتان رضیہ عابد نے کہا کہ بلدیاتی اختیارات عوام کو منتقل کیے بغیر جمہوریت کا تصور ادھورا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی قانون عوامی نمائندوں کو بااختیار بنانے کے بجائے اختیارات محدود کرنے کی کوشش ہے، جسے عوامی سطح پر قبول نہیں کیا جا رہا رضیہ عابد نے کہا کہ جماعت اسلامی ضلع ملتان میں عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے ریفرنڈم کے ذریعے عوام کو براہِ راست رائے دینے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔