• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر طرف بربادی ہے، بیرون ملک ایرانی خوف اور شدید اضطراب میں مبتلا

کراچی (نیوز ڈیسک) ’ہر طرف بربادی ہے‘، بیرونِ ملک ایرانی خوف اور شدید اضطراب میں مبتلا، انٹرنیٹ بندش کے باعث اوورسیز ایرانیوں کا اپنے اہلِ خانہ سے رابطہ منقطع، معاشی تباہی، مہنگائی اور تشدد، مستقبل غیر یقینی، ایرانی کمیونٹی کا کہنا ہے کہ ہر لمحہ ایک ہی سوال کہ وطن میں پیچھے رہ جانے والوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے شہر لینکاسٹر میں مقیم ایرانی نژاد مایا اور ڈینیئل ان ہزاروں ایرانیوں کی نمائندگی کرتے ہیں جو ایران میں جاری شدید احتجاج، انٹرنیٹ بندش اور ریاستی کریک ڈاؤن کے باعث اپنے اہلِ خانہ کی سلامتی کے حوالے سے شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ آٹھ جنوری سے انٹرنیٹ کی مکمل بندش نے بیرونِ ملک ایرانیوں کو بے خبر کر دیا ہے، جبکہ ایران میں کرنسی کے انہدام کے بعد شروع ہونے والے مظاہرے پورے ملک میں پھیل گئے۔ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حالیہ احتجاج میں “کئی ہزار” افراد کی ہلاکت کا اعتراف کرتے ہوئے الزام امریکہ اور اسرائیل پر عائد کیا ہے، جبکہ حکومت ایک طرف معاشی مسائل تسلیم کر رہی ہے اور دوسری جانب مظاہرین کو بیرونی ایجنڈے کا حصہ قرار دے رہی ہے۔ مایا کے مطابق معاشی تباہی اس بار احتجاج کو ماضی سے مختلف بنا رہی ہے، جہاں لوگ فاقہ کشی، بے روزگاری اور مسلسل تذلیل سے تنگ آ کر سڑکوں پر نکلے ہیں۔ بیرونِ ملک ایرانیوں کے لیے دن اور رات کا فرق مٹ چکا ہے، ہر لمحہ ایک ہی سوال ذہن پر سوار ہے کہ وطن میں پیچھے رہ جانے والوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید