کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اہل کراچی کے سنگین مسائل کی ذمہ دار حکومت سندھ ہے ، وزیر اعلیٰ مستعفی ہو ں،سانحہ گل پلازہ سے پیپلز پارٹی بری طرح ایکسپوز ہوگئی ہے، عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،وفاق میں بی بی،ان کے بابا اور چچا شادی سے فارغ ہوگئے ہوں تو کراچی کو آکر دیکھ لیں،انہوں نے اعلان کیا ہے کہ بہت جلد شہر میں ایک بڑا اور تاریخی ”جینے دو کراچی مارچ“ منعقد کیا جائے گا، جماعت اسلامی اور میں خود اس شہر کو لاوارث اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، وہ خود گلی گلی اور محلوں میں جا کر عوام کی قوت کو جمع کریں گے،ان خیالات کااظہارانھوں نے پیر کوادارہ نور حق میں پریس کانفرنس دوران کیا ،انہوں نےکہا کہ سانحہ گل پلازہ اور شہر کی حالت ابتر ہے ، کراچی میں کبھی ہمارے بچے گٹروں میں گر کر مررہے ہیں ،ہیوی ٹریفک کے نیچے کچلے جارہے ہیں اور کبھی بارشوں میں بہہ جاتے ہیں، آگ لگتی ہے تو کوئی ریسکیو کرنے والا نہیں ہوتا، سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام اور نا اہل ثابت ہوئی ہے۔