کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی۔ ٹیم مینجمنٹ ان کے معاملے میں محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔ البتہ قبل اچھی خبر ہے کہ شاہین آفریدی نے منگل سے بولنگ شروع کردی ہے۔ وہ پیر کو لاہور پہنچے تھے، جہاں وہ اپنی بحالی کے عمل میں مصروف ہیں۔ آسٹریلیا کےخلاف متوقع سیریز کیلئے ان کا فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اگر فٹنس ٹیسٹ تسلی بخش رہا تو ہی شاہین شاہ آفریدی کے آسٹریلیا سیریز کھیلنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ شاہین خود بھی ورلڈ کپ سے قبل کسی قسم کا فٹنس پر سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں۔