کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستا ن سپر لیگ میں نئی ٹیم سیالکوٹ کو سیالکوٹ اسٹالینز کا نام دیا گیا ہے، ٹیم کےمالک حمزہ مجید اور شریک مالک کامل خان نے سوشل میڈیا پر اس کا باضابطہ اعلان کیا، اور یہ بھی واضح کیا کہ ان کا گروپ ٹیم کے لوگو، کٹ اور کھلاڑیوں کے انتخاب کے حوالے سے جلد ہی بڑا سرپرائز دے گا۔ اس بات کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ سابق کپتان شعیب ملک کو سیالکوٹ کی ٹیم میں کوئی اہم عہد ہ دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ سیالکوٹ میں تیار کھیلوں کا سامان دنیا بھر میں مشہور ہے جبکہ اس شہر نے متعدد بین الاقوامی کرکٹرز پیدا کیے ہیں۔ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سیالکوٹ اسٹالینز نے سات میں سے چھ بار جیتا، اور مسلسل 25 میچ جیت کر عالمی ریکارڈ بھی بنایا۔ تاہم پی ایس ایل میں سیالکوٹ کی ٹیم اپنے ہوم گرائونڈ پر کوئی میچ نہیں کھیل سکے گی، کیونکہ یہاں موجود جناح کرکٹ اسٹیڈیم خستہ حالی کا شکار ہے۔