کراچی (شکیل یامین کانگا/ اسٹاف رپورٹر) عالمی چیمپئن محمد آصف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناتجربے کار رانا عرفان کو شکست دیکر نیشنل بینک گولڈن جوبلی قومی اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں فائنل میں تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن محمد آصف نے پنجاب کے رانا عرفان کو 3-6 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ 112 اور 141 کے شاندار سنچری بریک بھی رانا عرفان کے کام نہ آسکے۔ تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی نیشنل بینک کے صدر رحمت علی حسنی نے فاتح محمد آصف کو ساڑھے تین لاکھ اور خوبصورت ٹرافی جبکہ سب سے بڑے بریک (141) پر رانا عرفان کو 20،000 اور رنرز اپ کیلئے ٹرافی اور دو لاکھ روپے دیئے۔ اس موقع پر عبدالقادر میمن صدر پی بی ایس اے، عالمگیر اے شیخ اور دیگر موجود تھے۔