کراچی(رفیق مانگٹ)امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس کی نئی رپورٹ کے مطابق بچوں کے لیے صرف اسکرین ٹائم کی حد مقرر کرنا اب مؤثر حل نہیں رہا،ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا ڈیزائن بچوں کی ذہنی صحت کے لیے بڑا چیلنج ،بچوں کو کھیل، سیکھنے اور میل جول کے محفوظ مواقع میسر ہوں تو اسکرینز کی کشش خود بخود کم ہو جائے گی۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آج کی ڈیجیٹل دنیاجس میں سوشل میڈیا، ویڈیو گیمز اور ذہین الگورتھمز شامل ہیں بچوں کی نیند، سیکھنے کی صلاحیت اور ذہنی صحت پر گہرے اثرات ڈال رہی ہے، اس لیے اس مسئلے کو محض وقت کی پابندی تک محدود رکھنا ناکافی ہے۔رپورٹ میں گزشتہ بیس برسوں کی سیکڑوں تحقیقات کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اصل مسئلہ اسکرین کے دورانیے سے زیادہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ڈیزائن اور مواد کا ہے۔