کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ فلسطین کے معاملے پر وزیراعظم کابینہ سے مشاورت کے بعد گئے ہیں۔ ہمیں خوش ہونا چاہئے کہ فلسطین کو امن مل رہا ہے اور پاکستان غیر اہم نہیں ہے۔ گل پلازہ کراچی سے نمائندہ جیو نیوز ذیشان شاہ نے کہا کہ لاپتہ افراد اس وقت گیارہ ہیں اور ان کی باقیات نہیں ملی ہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کر ہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف پیس اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق بنایا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف فلسطین کے معاملے پر کابینہ سے مشاورت کے بعد گئے ہیں۔ حقائق دیکھے اور جانچے بغیر آج پارلیمنٹ میں تقرریریں کی گئیں۔ اسرائیل پر اگر کوئی اثر انداز ہوسکتا ہے تو وہ صرف امریکا اور ٹرمپ ہیں۔ پاکستان اپنے ستر سالہ پرانے موقف سے بالکل انحراف نہیں کر رہا ہے۔ پاکستان ایسا کوئی کام نہیں کرے گا جو روایتی پالیسی اور فلسطینی موقف کے خلاف ہو۔ کیا اپوزیشن چاہتی ہے کہ ہم ہر چیز سے لاتعلق اور غیر اہم ہوجائیں۔ ہمیں خوش ہونا چاہئے کہ فلسطین کو امن مل رہا ہے اور پاکستان غیر اہم نہیں ہے۔ بغیر حقائق دیکھے یہ تقرریں کی گئی ہیں۔ وزیراعظم اپنی کیبنٹ کو اس بات پر اعتماد میں لیا ہے کسی بھی ٹی ٹی پر کیبنٹ کی اپروول کے بعد دستخط کئے جاتے ہیں اور ہم کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جو فلسطین اور غزہ کے لوگوں کو قبول نہ ہو۔ آٹھ بڑے اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر مشترکہ فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے ٹی او آر واضح ہیں اس کے پیچھے وہ قرارداد ہے جو اقوام متحدہ کی ہے جس میں ایک ایک چیز واضح ہے کہ بورڈ آف پیس کیا کریگا بورڈ آف پیس کے ٹی او آر اس میں ایک ایک چیز اس قرارداد میں لکھی گئی ہے ۔ہم نے یورپ کو نہیں مسلم ممالک فلسطین اور اپنے ملک کا فائدہ دیکھنا ہے۔