ملتان (سٹاف رپورٹر)چین کی معروف زرعی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد زرعی شعبے میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور مشترکہ تحقیقی و تعلیمی منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔دورے کے دوران وفد نے یونیورسٹی کی انتظامیہ اور فیکلٹی اراکین سے ملاقات کی، جہاں زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی، بیج، مشینی زراعت، ویلیو ایڈیشن اور طلباء و اساتذہ کے ایکسچینج جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان زرعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، جو کسانوں کی فلاح اور زرعی پیداوار میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے ایک پروقار تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں پاکستان۔چین دوستی، باہمی اعتماد اور دیرینہ تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔