• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم نے کے پی میں دہشت گردی کا مکمل صفایا کیا، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے کے پی میں دہشت گردی کا مکمل صفایا کیا۔ معاون خصوصی اطلاعات کے پی شفیع جان نے کہا کہ یہ سب نیا بیانیہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں انکا مسئلہ دہشت گردی ختم کرنا نہیں۔ جبکہ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘میں میزبان شہزاد اقبال نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ وفاق اور کے پی حکومت کے متضاد دعوے،عوام مشکل میں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پروگرام میںکہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف تیسری بار حکومت کررہی ہے اور 2018سے پہلے خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی سے تنگ آگئے تھے اور ہم نے کے پی کے میں دہشت گردی کا مکمل طور پر صفایا کیا اور مکمل امن بحال کیا اور چار سالوں میں تحریک انصاف کی حکومت رہی جس میں انہوں نے دہشت گردوں سے نرمی برتی اور واپس آنے کا موقع دیا جس کے باعث پورے خیبرپختونخوا میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال درپیش ہے ۔خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کی توجہ صوبے میں امن و عامہ بحال کرنے میں نہیں ہے وہ مختلف شہروں کے دورے پر لگے ہیں جس سے ملک میں سیاسی انتشار پیدا ہو۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ وزارت اطلاعات اس بات کی تردید کرچکی ہے کہ وادی تیراہ میں کوئی بڑا آپریشن نہیں ہونے جارہا اوروادی تیراہ سے لوگوں کی نقل مکانی کیوں ہورہی ہے اس کا جواب صوبائی حکومت دے اور جو بھی آپریشن ہوتا ہے وہ انٹیلی جنس بیسڈ ہوتا ہے اور میں پھر کہوں گا بنیادی طور پر کے پی کے کی حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کیساتھ ہیں یا خوارج کیساتھ ہیں ۔پی ٹی آئی مسلسل مہم چلارہی ہے پاکستان اور سکیورٹی اداروں کیخلاف یہ عوام اور اداروں کے درمیان تصادم پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی امداد کے بغیر کوئی کارروائی نہیں کرسکتی اگر صوبائی حکومت اپنی ذمہ داری سے راہِ فرار اختیار کرتی ہے تو یہ بدترین کردار ہے۔
اہم خبریں سے مزید