• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قدرتی آفات کے دوران بنیادی سہولتوں کی فراہمی اہمیت رکھتی ہے، کمشنر ملتان

ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم کی زیر صدارت کمشنر ہاؤس ملتان میں فلڈ ری ہبیلی ٹیشن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع ملتان اور گردونواح میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات، جاری بحالی اقدامات اور عوامی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں میپکو سمیت دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اپنے اپنے شعبہ جات میں سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر اور بحالی کے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔میپکو کی نمائندگی ایڈیشنل سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو ملتان سرکل ملک محمد عارف اور ایڈیشنل ایکسین اے ٹی بی ملتان سرکل تاج محمود قمر نے کی۔ میپکو حکام نے کمشنر ملتان کو آگاہ کیا کہ حالیہ سیلاب کے باعث بوسن روڈ ملتان اور جلال پور پیر والاسب ڈویژنوں کے متعدد علاقے شدید متاثر ہوئے تھے جہاں بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو شدید نقصان پہنچا۔ سیلابی پانی کے باعث گرڈ اسٹیشنز، فیڈرز، ٹرانسفارمرز اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔میپکو حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر میپکو کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے فیلڈ میں مسلسل کام کرتے ہوئے خراب شدہ ٹرانسفارمرز کی مرمت، بجلی کے کھمبوں کی بحالی، تاروں کی تنصیب اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا،کمشنر ملتان عامر کریم نے میپکو کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیلاب جیسی قدرتی آفات کے دوران عوام کو بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے میپکو کے افسران اور فیلڈسٹاف کو ہدایت کی کہ آئندہ بھی عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اسی جذبے کے ساتھ خدمات انجام دی جائیں
ملتان سے مزید