اسلام آباد ( رانا غلام قادر ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکر ٹیریٹ نے بیورو کریسی کی دہری شہریت ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔ کمیٹی سولہ فروری کو اس کا حتمی فیصلہ کر ے گی ۔ بل کے ذریعے بیوروکریٹس کی دوہری شہریت پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ججوں کی دوہری شہریت بھی ختم کرنے کی تجو یز سامنے آگئی ۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس چیئر مین ملک ابرار احمد کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں جے یو آئی ف کے ایم این اے نور عالم خان کی جانب سے پیش کردہ سول سرونٹس ترمیمی بل 2024 زیر غورلایاگیا۔ دوران بحث قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں بیورو کریسی کی دہری شہریت ختم کرنے کے معاملے پراس وقت اہم پیش رفت سامنے آئی جب کابینہ کمیٹی کے ارکان کی اکثریت نے دہری شہریت کے خاتمے کے حق میں رائے دیدی تاہم چیئر مین کمیٹی نے کہا کہ 16 تاریخ کو وزرات کی حتمی رپورٹ کے بعداس بل پر ووٹنگ کروائیں گے۔ خصوصی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سارہ سعید نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعظم نے معاملہ سیکریٹریز کمیٹی کو بھیجا ہے۔ حال ہی میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ بیوروکریٹس کی غیر ملکی شہریت کے حوالے سے پالیسی بنائی جا رہی ہے۔رکن کمیٹی نور عالم خان نے سوال اٹھایا کہ اگر اراکینِ پارلیمنٹ کو دہری شہریت رکھنے کی اجازت نہیں تو بیورو کریسی کو یہ سہولت کیوں حاصل ہے؟ ۔