اسلام آباد ( خالد مصطفیٰ ) نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم اعلیٰ سطحی کمیٹی نے گیس سرکلر ڈیٹ کے جامع انتظامی منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جسے مارچ میں پاکستان پہنچنے والے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ معاملے سے آگاہ حکام نے اس نمائندے کو بتایا ہے کہ 3.2 ٹریلین روپے ہو چکا ہے، جو پہلے 2.6 ٹریلین روپے تھا ۔17 رکنی یہ کمیٹی وزیراعظم کی ہدایت پر 31 دسمبر 2025 کو قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد تیزی سے بڑھتے ہوئے گیس سرکلر ڈیٹ کو روکنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لینا اور انہیں حتمی شکل دینا تھا۔ کمیٹی میں نائب وزیرِ اعظم کے علاوہ اقتصادی امور ڈویژن، منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات، موسمیاتی تبدیلی، بین الصوبائی رابطہ اور نجکاری کمیشن کے وفاقی وزراء، جبکہ پیٹرولیم اور پاور ڈویژنز کے نمائندے، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور انرجی ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹرز بھی شامل ہیں۔