• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی کو ٹف ٹائم مل سکتا ہے، سابق کرکٹرز

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق کرکٹرز راشد لطیف، سکندر بخت اور احمد شہزاد نےکہا ہے کہ آئی سی سی کو ٹف ٹائم مل سکتا ہے،ماہرین معیشت عمار حبیب اور محمد سہیل نے کہا کہ سب ہی توقع کر رہے تھے انٹرسٹ ریٹ میں کمی آئے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ وہ جیو نیوز پر شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ کے میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ بنگلہ دیش کو کرکٹ ورلڈ کپ سے باہر کئے جانے کے بعد پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا یا نہیں اس کا فیصلہ جمعہ یا پیر تک ہوجائے گا۔ محسن نقوی نے ایکس پوسٹ پر لکھا کہ وزیراعظم سے مفید ملاقات ہوئی اور میں نے تفصیل سے آگاہ کیا انہوں نے ہدایت دی کہ تمام ممکنہ آپشنز کو سامنے رکھتے ہوئے اس مسئلے کو حل کیا جائے۔ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ اب تک اعلان کردینا چاہئے تھاالبتہ آج کی میٹنگ میں تمام پہلوؤں کو سامنے رکھا گیا ہوگا ۔ آئی سی سی کو ٹف ٹائم مل سکتا ہے ابھی اچھا دباؤ بنا ہوا تھا لیکن آج سننے میں آیا کہ پاکستان شاید شرکت کرے۔ البتہ بنگلہ دیش نے وقت سے پہلے اپنے فیصلے کئے اور اس پر ان کی حکومت ان کے ساتھ کھڑی رہی۔میں سمجھتا ہوں اگر پاکستان بائیکاٹ کرتا ہے تو چوبیس گھنٹے میں آئی سی سی گھٹنے ٹیک دے گی ۔حکومت پاکستان، پاکستان کے حق میں اور کرکٹ کی بہتری کے لئے فیصلہ کرے۔ سابق کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ دنیا جانتی ہے بھارت زیادتی کر رہا ہے لیکن خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ تاہم بنگلہ دیش نے بہت زبردست فیصلہ کیا اور وہ ڈٹ گئے کھڑے رہے اور یقینا بنگلہ دیش کے ساتھ پاکستان کو زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلنی چاہئے۔ اگرہم بائیکاٹ کر کے نکل جاتے ہیں تو بنگلہ دیش کے لئے کون لڑے گا۔ البتہ لڑکوں پر جیتنے کا دباؤ نہیں ڈالنا چاہئے۔کہیں ایسا تو نہیں ہے بھارت جان بوجھ کر اس طرح کی صورتحال بنا رہا ہے۔ سابق کرکٹر احمد شہزاد نے کہا کہ ہمارا پہلے دن سے موقف ہے کہ سیاست کو کرکٹ سے دور رکھا جائے اور ہمیں بھی اس چیز کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ بنگلہ دیش نے ایک بہادری والا فیصلہ کیا البتہ ان کے شائقین کرکٹ سے محروم ہوگئے تو کیا ہم اپنے شائقین کو بھی محروم کرنا چاہتے ہیں یہ ہم نے طے کرنا ہے۔
اہم خبریں سے مزید