• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی یوم جمہوریہ پر مقبوضہ وادی اور آزاد کشمیر میں ریلیاں، احتجاجی مظاہرے

سرینگر/مظفرآباد( جنگ نیوز)بھارتی یوم جمہوریہ پر مقبوضہ وادی اورآزاد کشمیر میں ریلیاں، احتجاجی مظاہرے،تفصیلات کے مطابق غیر قانونی بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی یومِ جمہوریہ کے موقع پر زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی،کُل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔اس سلسلے میں وادی نیلم میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے آزادی چوک تک بھارت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سول سوسائٹی، طلبہ، وکلاء اور سیاسی وسماجی کارکنوں نے شرکت کی۔علاوہ ازیں26جنوری بھارتی یوم جمہوریہ پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف شدید احتجاج کیا اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے،کشمیری مظاہرین نے اپنے قومی اور ریاستی پرچم تھام کر اور بھارت کے خلاف سیاہ جھنڈے لہرا کر نعرے بازی کی، مظاہرین کی جانب سے بھارتی جمہوریت ہائے ہائے، ڈھونگ جمہوریت ہائے ہائے، ہم کیا چاہتے آزادی، اور ہے حق ہمارا آزادی جیسے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ مظاہرین نے بینرز اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کی حمایت اور بھارت مخالف نعرے درج تھے۔ کشمیری رہنمائوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق چھین کر بھارت کا یومِ جمہوریہ منانا دنیا میں بڑا جھوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ “5 اگست 2019 کو کشمیری عوام سے ریاست و سیاست چھیننے والا بھارت جمہوریت کا سب سے بڑا قاتل ہے اور واضح کیا کہ بھارت جمہوری نہیں بلکہ دہشت گرد ملک ہے۔
اہم خبریں سے مزید