حیدرآباد(بیورورپورٹ)ہوسڑی پولیس کی حراست میں نوجوان کی ہلاکت کے بعد ایس ایچ او ہوسڑی جمن کھوسو و دیگر کیخلاف عدالتی حکم پر مقدمہ کے انداراج کے بعد معاملہ کے تصفیہ کیلئے جرگہ، نوجوان کی ہلاکت پر ایس ایچ او و دیگر اہلکاروں پر 60لاکھ روپے جرمانہ، پولیس افسران نے 20لاکھ روپے موقع پر ادا کردئیے، باقی رقم قسطوں میں ادا کی جائے گی۔ذرایع کے مطابق 20دسمبر 2025 کو ہوسڑی تھانے کی حدود میں بھینسوں کے باڑے کے مالک اور ملازمین نے چوری کے الزام میں پکڑے گئے نوجوان اسحق پٹھان کو تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کیا تھا، جو بعدازاں تھانے میں ہلاک ہوگیا تھا۔ ورثاء نے الزام عائد کیا تھا کہ گرفتار نوجوان پولیس کے تشدد سے ہلاک ہوا ہے، جس کے خلاف ورثاء نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے تھے اور الزام عائد کیا تھا کہ اسحق پر لاک میں بہیمانہ تشدد کیا گیا، کرنٹ دیا گیا اور ڈرل مشین سے جسم میں سوراخ کئے گئے جس کے باعث اس کی ہلاکت ہوئی ہے۔ بعد ازاں شدید احتجاج پر ایس ایس پی حیدرآباد نے ایس ایچ او ہوسڑی جمن کھوسو، اے ایس آئی امام الدین راہ پوٹو،کانسٹیبل نواز زرداری اور تھانے کے ہیڈ محرر کو معطل کردیا تھا۔ متوفی نوجوان کے ورثاء کی درخواست پر 7th ایڈیشنل سیشن جج حیدرآباد نے نامزد پولیس افسران کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس پر اسحق پٹھان کے بھائی اقبال پٹھان کی مدعیت میں ایس ایچ او اوردیگرپولیس اہلکاروں کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھ۔نوجوان کی ہلاکت میں ملوث پولیس افسران کی جانب سے معاملہ کے تصفیہ کیلئے کوششوں پر اسحق پٹھان کے ورثا نے جرگہ کے بعد ایک کروڑ 10لاکھ روپے خون بہا وجرمانہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔جس پر پولیس افسران نے جرگہ کے روایتی منت میڑھ کا طریقہ اپناتے ہوئے جرمانہ میں کمی کی درخواست کی تھی،جس پر پختون برادری اور نوجوان کے ورثاء نے 50 لاکھ روپے کا جرمانہ معاف کردیا تھا۔ نوجوان کی ہلاکت کے معاملہ کے تصفیہ کیلئے گذشتہ روز ٹنڈو یوسف کے علاقے گلشن خیر میں میں پختون برادری کے معززین متوفی کے ورثاء اور پولیس افسران کا جرگہ ہوا تھا،جس میں ڈی ایس پی ہوسڑی، ڈی ایس پی حالی روڈ،ڈی ایس پی سی آئی اے کے علاوہ دیگر پولیس افسران شریک ہوئے اور اسحق پٹھان کا خون ثابت ہونے پرپختون برادری کی جانب سے عائد کیا گیا خون بہا وجرمانے کی رقم 60 لاکھ روپے میں سے 20 لاکھ روپے موقع پر ادا کردئیے۔ باقی رقم قسطوں میں دینے کا وعدہ کیا گیا،جس پر ورثاء نے اسحق پٹھان کا خون معاف کرکے ایس ایچ اور جمن کھوسو اور دیگر اہلکاروں کے خلاف درج کروائی گئی ایف آئی آر واپس لینے کا اعلان اور وعدہ کرتےہوۓ اسحق پٹھان کا خون معاف کردیا ہے۔