اسلام آباد (خالد مصطفیٰ/اسرارخان) پاکستان اور چین نے بدھ کے روز پاک چین ای مائننگ پلیٹ فارم کا باضابطہ آغازکردیااور پاک چین منرل کوآپریشن فورم کے موقع پر متعدد مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے معدنی شعبے میں 10 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کو ممکن بنانا ہے۔یہ اعلیٰ سطح فورم چائنا چیمبر آف کامرس اِن پاکستان (CCCPK) کے زیرِ اہتمام اسلام آباد میں ہوا، جس میں 800 سے زائد شرکاء نے شرکت کی، جن میں 70 چینی اور 100 پاکستانی کمپنیاں، سینئر سرکاری حکام اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرزشامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان معدنی وسائل کے شعبے میں تعاون کو صرف کان کنی تک محدود رکھنے کے بجائے فل ویلیو چین کی بنیاد پر اعلیٰ اور جامع سطح تک لے جانا چاہتے ہیں جس میں معدنی وسائل کی تلاش‘پیداوار‘ پروسیسنگ‘ تجارت‘ سرمایہ کاری‘ تحقیق اور تربیت شامل ہو۔جناح کنونشن سینٹر میں منعقدہ اس تقریب کا افتتاح وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور پاکستان میں چینی سفیرجیانگ زائی ڈونگ نے کیا۔